وزیراعلی سندھ کی مختلف اخبارات میں تھر میں گندم کی تقسیم کے عمل میں خردبرد کے حوالے سے شائع خبروں کی تردید

کراچی ۔ (یس اردو نیوز) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اخبارات میں تھرپارکر میں امدادی گندم کی تقسیم میں خردبرد کے حوالے سے شائع خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھر کے عوام کے لئے فراہم کی گئی گندم کی مفت تقسیم سے متعلق گزشتہ روز ایک اجلاس میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جو تقسیم کے شفاف عمل کو موثر اور یقینی بنانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر مجھے رپورٹ کرتی ہے جس میں ساری تفصیلات ہوتی ہیں۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ مختلف اخبارات میں سندھ حکومت کے خلاف بے بنیاد خبریں شائع ہونا قابل افسوس عمل ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ان قحط سالی صورتحال کو نمٹنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے اور جب تک تھر کے لوگوں کی تکالیف ختم نہیں ہو جاتیں تب تک ہماری خدمات میسر رہیں گی۔  انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہے اورعوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تھرپارکر سمیت اچھڑے تھر کے لئے ایک جامع منصوبہ بنا رہی ہے، جس سے نہ صرف یہاں پر خوشحالی آئے گی بلکہ قحط سالی کی صورتحال کا مکمل طور پر خاتمہ کرے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ گندم کے ساتھ اشیاء خوردنوش اور جانوروں کے لئے چارا بھی وافر مقدار میں فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اپنی ٹیم کو اجلاسوں میں ہدایت کی ہے کہ صوبے میں میٹرینٹی ہوم، روڈ، پینے کا صاف پانی،، سولر انرجی، لائیٹ کی فراہمی کے مسائل جلد از جلد حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں تھر کے لوگوں کا ساتھ دیں اور مالی مدد بھی کریں، گندم اور جانوروں کے لئے چارا بھی فراہم کریں۔