فالودے والا کا قصہ اور میڈیا کے مرد حر پر حملے، ایک جیالے کا کھلا چیلنج

کراچی میں فالودے والے کے جعلی اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے اور بنا کسی تصدیق کے میڈیا نے ان پیسوں کا مالک آصف زرداری کو قرار دے دیا، ایف آئی اے کی تحقیقات میں علم ہوا کہ یہ جعلی اکاؤنٹ بمباٹ نامی ایک لینڈگریبر چلاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر معروف صوفی پرفارمر وہاب شاہ کی ایک ڈانس ویڈیو وائرل ہوئی، اس ویڈیو میں ڈانس پرفارمر کو ذوالفقار جونیئر قرار دے دیا گیا اور پاکستانی میڈیا نے اس کو منفی انداز میں خوب اچھالا۔

آج کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی 19 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ لاہور میں رپورٹ ہونے والی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی تعداد آج 25 ہے مگر میڈیا پر گھنٹوں کراچی کے لاء اینڈ آرڈر کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا گیا۔

کنگ عبداللہ کے کاروان کو عمران خان کا سعودی عرب میں استقبال قرار دینے والوں نے مہران گاڑی میں بغیر پروٹوکول گھومنے والے عمران خان کے ہمشکل کو وزیراعظم کی سادگی قرار دے کر خوب ڈھنڈورے پیٹے مگر جب ملیکہ بخاری کو زلفی بخاری کی بہن قرار دے کر انہیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا چیئرپرسن بنانے کی جعلی خبر چلی تو فوراً فواد چوہدری کو فیک نیوز کی حساسیت یاد آگئی اور انفارمیشن منسٹری کا ایک ٹویٹر اکاؤنٹ بناڈالا، جس سے فیک نیوز کو کاؤنٹر کیا جائے گا۔

فیک نیوز کے بل بوتے پر گمراہ کرکے ایک جعلی تاثر پیدا کرنے والے اب فیک نیوز کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، یہ خوش آئند ہے مگر انفارمیشن منسٹری کسی پارٹی کی جاگیر نہیں ہوتی، فیک نیوز سب سے زیادہ پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف چلائی جاتی ہیں۔

فواد چوہدری اگر فیک نیوز والے اکاؤنٹ سے صرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں چلنے والی مندرجہ بالا خبروں کو ہی ٹویٹ کردیں تو ہم مان لیں گے کہ تبدیلی ڈھکوسلہ نہیں ہے۔

جاؤ دیا چیلنج!

تحریر: عثمان غازی